اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے احتساب عدالت کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو سچ کا پتہ چلنا چاہیے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ احتساب عدالت کی کارروائی کو براہ راست نشر کیا جائے تا کہ سچ سامنے آ سکے۔
اپنے ایک دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ نواز شریف کے خلاف پورا مقدمہ ’واٹس ایپ ‘پر تیار ہوا جس کا کوئی ’رکارڈ‘ نہیں، واہ !
مطالبہ: نواز شریف اور میرے خلاف مقدمہ میں نیب عدالت کی تمام کاروائی کو براہ راست نشر کیا جائے تاکہ قوم کو سچ کا پتہ چل سکے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 4, 2018
یاد رہے مریم نواز نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ واٹس ایپ زدہ جے آئی ٹی کا پہلے طے شدہ ایجنڈے کے تحت ایک کمرے میں بیٹھ کر رپورٹ تیار کرنا آسان ہے، مگر عدالتوں میں ان چالاکیوں کا دفاع کرنا ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین چند دن انتظار کریں، واجد ضیا خود ہمارے حق میں گواہی دے کر جائیں گے، جھوٹ کی عمر چھوٹی ہوتی ہے۔