اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ مملکت مواصلات محمد جنید انوار چودھری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کے حوالے سے خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ میرا گھر ہے، اسے چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔
جنید چودھری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ میاں محمد نواز شریف میرے قائد ہیں، ان کی قیادت میں سیاست کی شروعات کی اور انہی کے ساتھ ہمیشہ وابستگی رہے گی۔ جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ایک گھرانہ ہے جس کو توڑنے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ نواز شریف کی قیادت پر کل بھی اعتماد اور یقین تھا، آج بھی ہے اورہمیشہ رہے گا۔