اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ کے آزاد ارکان کی پارٹی میں شمولیت کے لئے الیکشن کمیشن سے باقاعدہ رجوع کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے 17 سینیٹرز کو ن لیگ میں شمولیت کی اجازت دی جائے کیونکہ قانون کسی آزاد سینیٹر کو کسی بھی جماعت میں شمولیت سے نہیں روکتا۔
پارٹی صدر شہباز شریف کی جانب سے درخواست سینیٹر آصف کرمانی نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہے۔ اس سے قبل کامیاب آزاد سینیٹرز نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا تاہم درخواست یہ کہہ کر مسترد کر دی گئی تھی کہ قانون میں الیکشن کمیشن کے پاس ایسا کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔