ملتان: 5 چینی انجینئرز ناپسندیدہ شخصیت قرار، ملک بدر کرنے کی سفارش

Last Updated On 07 April,2018 12:41 pm

کراچی: ( روزنامہ دنیا) خانیوال میں چینی کمپنی کے ملازمین اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں میں جھگڑے کے معاملے کی انکوائری کرنے کے بعد خانیوال پولیس نے حکومت سے پانچ چینی باشندوں کو ناپسندیدہ قرار دینے اور ملک بدر کرنے کی سفارش کر دی۔

فیصل آباد ملتان موٹروے پر کام کرنیوالی تعمیراتی کمپنی سنکیانگ بیژن روڈ اینڈ بریج کمپنی کے نور پور کے مقام پر کیمپ میں بدھ کے روز سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کیساتھ ہونیوالے جھگڑے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے چھان بین کی ہدایت کی تھی۔

ویڈیو میں واضح ہے کہ چینی باشندے پولیس اہلکاروں کو مکے اور گھونسے رسید کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر رضوان عمر گوندل نے بی بی سی کو بتایا کہ چینی کمپنی کے کنٹری پراجیکٹ منیجر یُو لبنگ سمیت پانچ چینی باشندوں کو واقعہ کا ذمہ دار پایا گیا۔ ان کا کہنا تھا شہباز نامی پولیس اہلکار کیخلاف چینی باشندے سے موبائل فون چھیننے پر کارروائی کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔