سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ملتان میں ممبر سازی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ممبرشپ کارڈ حاصل کریں، ممبرشپ کارڈ کے ذریعے کارکنوں کی امیدواروں بارے رائے لی جائے گی۔ ہم اکیسویں صدی کی سیاست کرنے جارہے ہیں۔ نوجوانوں فکرنہ کرو،تیس سال کی اندھیری رات الیکشن میں ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے نوجوان ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے پیسے بنانے کے لیے میٹرو جیسے منصوبے شروع کیے، 50ارب روپےمیٹرو کی خالی بسوں پرلگا دیئے گئے۔ شہریوں کومیٹرو نہیں ہسپتالوں اور سکولوں کی ضرورت ہے۔ ملتان کی عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف تم بہت بڑے 2 نمبر ہو، اب تمہاری باری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات 2018 کی تیاری کے لیے ممبر سازی مہم کیساتھ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور سربراہ تحریک انصاف نے شہر شہر جا کر ممبر سازی مہم کا افتتاح شروع کردیا ہے۔