لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز آندھی کے بعد ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا،،اسلام آباد، گلگت، کشمیر میں آج کہیں کہیں مزید بادل برسنے کاامکان ہے۔
رات بھر گرج چمک کے ساتھ ہونے والی ہلکی بارش نے موسم سہانا کر دیا۔ آج لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 جبکہ کم سے کم 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ جڑواں شہر راولپنڈی اسلام آباد میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔
فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ آج سے جمعرات کے دوران کراچی سمیت ملک کے جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے5 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔