لاہور: (دنیا نیوز) باغوں کے شہر لاہور میں تیز آندھی کے بعد ہلکی بارش سے موسم سہانا ہو گیا جبکہ درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، لیسکو کے 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ شیخوپورہ میں آندھی سے حادثات، 2مکانوں کی چھتیں گرنے سے 11 سالہ لڑکی جاں بحق، 10 افراد زخمی ہو گئے، خیبر پختونخوا میں آسمانی بجلی گرنے سے 1 شخص جاں بحق 2 زخمی ہو گئے۔
لاہور میں رات بھر گرد آلود ہواوں کے بعد گرج چمک کے ساتھ ہونے والی ہلکی بارش نے موسم سہانا بنا دیا۔ ٹھنڈی ہواوں کے پرکیف جھونکوں نے موسم کی دل کشی میں اضافہ کردیا۔ آندھی چلنے سے لیسکو کے 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے آدھے سے زیادہ شہر کئی گھنٹے اندھیرے میں ڈوبا رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
شیخوپورہ میں آندھی سے حادثات، صلاح الدین روڈ اور جہانگیرآباد میں 2 مکانوں کی چھتیں گرنے سے 11 سالہ لڑکی جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 1 شخص جاں بحق 2 زخمی ہو گئے جبکہ کئی علاقوں میں بارش سے بڑھتی گرمی کو بریک لگ گئے۔
آزادکشمیر میں بارشوں کے بعد دھوپ نکلی تو موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب ندی نالوں میں طغیانی بھی آئی ہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج اور کل بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج بھی موسم گرم رہے گا دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج اور کل خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔