پشاور: (دنیا نیوز) شہبازشریف کا پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب، سوچا تھا پشاور میں تبدیلی آچکی ہوگی، عمران خان کے نعروں کے باوجود کچھ نہیں بدلا، لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں۔ ملک بھر سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہوجائے گا۔ نوازشریف کل بھی قائد تھے آج بھی ہیں۔ ن لیگ نے خیرسگالی اور پی ٹی آئی نے گالی سے کام لیا، تبدیلی نظر نہیں آئی۔
شیر کی کپتان کے ہوم گراؤنڈ میں دھاڑ، پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سوچ رہا تھا کہ پشاور میں تبدیلی آچکی ہوگی لیکن یہاں تو کچھ بھی نہیں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ آج پشاورمیں پہلی بار نہیں آیا، کالج دورمیں پشاور میں شاپنگ کے لیے آیا کرتےتھے۔ میں اپنے دوسرے نہیں پہلے گھر میں آیا ہوں۔ پنجاب اور لاہور کی طرح پشاور میرا پہلا گھر اور صوبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی صدارت میرے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ نوازشریف میرے کل بھی قائد تھے آج بھی ہیں۔ ن لیگ کو صحیح معنوں میں مقبول کریں گے۔ مردان سے پشاور تک موٹروے ن لیگ نے بنائی۔ موٹروے نہیں ہوتی تو جی ٹی روڈ پرقطاریں لگی ہوتیں۔ نوازشریف کی وژن تھا جس کی وجہ سے موٹروے بنی۔ نوازشریف نےبھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کےبدلے 6 دھماکے کیے۔ پاکستان افواج کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا۔ اے پی ایس کے طلبا اور اساتذہ کاخون رائیگاں نہیں جائےگا۔
عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آتے ہوئے سوچ رہا تھا کہ پشاور میں تبدیلی آچکی ہوگی۔ عمران خان کے تبدیلی کےنعروں کےباوجود پشاورمیں کچھ نہیں بدلا۔ کے پی پانی سے بجلی پیدا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتاہے۔ عمران خان 5 سال میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کرسکے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کومنفی میگاواٹ بجلی دی۔2018 میں موقع ملا تو پشاور میٹرو بس کو 5 ماہ میں مکمل کراؤں گا،خیبرپختونخوا کولاہور بنا دیں گے۔ خیبرپختونخوامیں نئی سڑکیں اورپل بنائیں گے۔