لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف اور چودھری نثار کے درمیان ایک اور اہم ملاقات، وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دلایا کہ کسی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، صدرنون لیگ اس کے بعد نواز شریف سے بھی ملے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے چودھری نثار کی چند روز میں تیسری اہم بیٹھک ہوئی۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی ون آن ون ملاقات میں پارٹی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ چودھری نثار نے صدر مسلم لیگ نون سے شکوہ کیا کہ بعض پارٹی رہنماؤں نے ان کے خلاف ذاتی مخالفت کی مہم چلا رکھی ہے۔ جو پارٹی کے لیے بہتر نہیں، سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے متعلق اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی کے حوالے سے تاثر کی نفی کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ پارٹی میں کسی کو بھی ڈسپلن خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس اہم ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے جاتی امرا میں نوازشریف سے بھی ملاقات کی اور چودھری نثار سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔