اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارت کسی بھول میں نہ رہے، دفاع کرنا جانتے ہیں، پوری دنیا جانتی ہے دہشتگرد اور انکا سرغنہ کون ہے، سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے، بار بار جھوٹ بولنے سے وہ سچ نہیں بن جاتا۔
برطانوی سرزمین پر نریندر مودی کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، کمانڈر کلبھوشن یادیو، بھارتی ریاستی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے ، کسی ملک کے ساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا ، گزشتہ ہفتے افغانستان کی جانب سے ہماری افواج پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ، جس میں 5 جوان شہید ہوئے جبکہ ایک سپاہی کو اغوا کر لیا گیا، پاکستان نے انتہائی صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان شام کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے ، کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا ایرانی رہبر انقلاب نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم کی مذمت کی، ایرانی وزیرخارجہ بھی اس ضمن میں بیان جاری کر چکے ہیں۔ پاکستانی سفارتکاروں پر نئی حدود و قیود سے متعلق امریکی پابندیوں پر انہوں نے کہا امریکا نے نقل و حرکت پر پابندیوں سے متعلق آگاہ کیا ہے ، پابندیوں کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا ، سفارتی حدود و قیود کے حوالے سے امریکی حکام کیساتھ رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے لڑاکا طیاروں کی تعداد دگنا کرنے کے معاملہ پر کہا سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے، دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے ، بھارت کا جنگی جنون ایک جانب، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق دفترخارجہ نے کہا ویانا کنونشن کے تحت سفارتکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوتا ہے ، اسلام آباد پولیس کی جانب سے سفارتی استثنیٰ کے معاملے پر رابطے کا انتظار ہے۔