اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیواسلام آباد ائیر پورٹ کو آپریشنل کرنے کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، 3 مئی کو ائیرپورٹ باضابطہ طور پر آپریشنل کیا جائیگا۔ پاکستان کے اس جدید ائیرپورٹ سے سالانہ ایک کروڑ مسافر سفر کریں گے۔
نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے افتتاح کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل، 20 اپریل کے بجائے اب 3 مئی کو آپریشنل ہوگا۔ پہلے سال ایک کروڑ، 2025 تک سالانہ ڈھائی کروڑ مسافر سفر کر سکیں گے۔چار ہزار ایکڑ سے زائد رقبے اور چار منزلوں پر مشتمل ائیرپورٹ پر ایک وقت میں 15 جہازوں کی بورڈنگ جبکہ ساڑھے چار ہزار سے زائد مسافروں کی گنجائش ہے۔ ائیرپورٹ پر 70 انٹرنیشنل، 42 امیگریشن اور 32 ڈومیسٹک چیک ان کاؤنٹرز، دو رن وے، چھ ٹیکسی لنک اور تین ریپٹ ٹیکسی وے بنائے گئے ہیں۔
صدرمملکت اور وزیراعظم کے لیے ایک سٹیٹ لاونچ جبکہ چار وی آئی پی لاونچز بھی ائیر پورٹ کا حصہ ہیں۔ ائیرپورٹ پر جدید سکینگ مشینز، لفٹس اور 10 سنسر گیٹس جبکہ گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے لیے 9 انٹری اور نو ایگزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔ ایمرجنسی کے لیے ائیرپورٹ پر پچاس بیڈز پر مشتمل ٹراما سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔ نئے ائیرپورٹ پر سالانہ ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن کارگو کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔