ایسی کوئی طاقت نہیں‌ جو نیب کی ڈوری ہلا سکے: چیئرمین نیب

Last Updated On 18 April,2018 04:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے کچھ لوگوں کے خلاف کارروائی شروع ہو چکی ہے، مزید کے خلاف بھی ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ نیب کی کارروائی شواہد کی روشنی میں کی جا رہی ہے، ایسی تمام باتیں بے بنیاد ہیں کہ نیب کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں ںے کہا کہ الیکشن ہونے یا نہ ہونے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں، اگر اس ملک میں کسی سیاستدان نے کرپشن کی ہے تو وہ الیکشن سے پہلے بھی اور بعد میں جوابدہ ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ اگر کسی بھی مقام پر یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ نیب کی جانب سے کسی شخصیت کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی گئی ہے تو میں ذاتی طور پر اس کی ذمہ داری قبول کرکے اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر کچھ لوگوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے، کچھ کو معطل کیا گیا ہے ، کچھ برطرف ہوئے ہیں اور چند افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، اس تمام عمل میں کچھ وقت لگے گا لیکن قانون کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ کیونکہ جب انسان خود شیشے کے گھر میں ہو تو کسی پر پتھر نہیں پھینکتا۔ انہوں ںے کہا کہ نیب کی کوشش ہے کہ زیر التوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ سنائے، ہم نے اس کیلئے 10 ماہ کا وقت مقرر کیا ہے تاہم کچھ کیسز ایسے بھی ہیں جن میں اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔