شمالی وزیرستان انتظامیہ اور تاجروں کے مذاکرات کامیاب، اسلام آباد میں دھرنا ختم

Last Updated On 20 April,2018 11:42 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) شمالی وزیر ستان کے تاجروں اور پولیٹیکل انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ سروے کے ذریعے تخمینہ لگا کر تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لا کر ہی ترقی اور خوشحالی آ سکتی ہے۔

شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں کا اسلام آباد میں دھرنا، آپریشن میں تباہ شدہ دکانوں اور سامان کے معاوضے کا مطالبہ، مذاکرات کی کامیابی اور نقصانات کے تخمینے کیلئے سروے کے اعلان پر دھرنا ختم، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے، فاٹا ہمارا گھر ہے، دشمنوں کی کوششیں ناکام بنا دیںگے، ترجمان پاک فوج کا عزم

تفصیلات کے مطابق میرانشاہ، میر علی اور دیگر علاقوں کے تاجروں نے کہا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کے دوران ان کی دکانیں اور سامان مکمل تباہ ہو چکا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت مسمار ہونے والی مارکیٹوں کے مالکان اور تاجروں کو معاوضہ ادا کریں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ ہم محبِ وطن پاکستانی ہیں، فاٹا کے لوگوں کی مشکلات کے حل میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا کردار اہم ہے۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آپریشنز کے بعد علاقہ کو محفوظ بنانے کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، یہ ہمارا گھر ہے، مل کر تسلسل کیساتھ حالات کو مکمل پرامن کر لیں گے۔ ہمیں اس وقت غیر یقینی پھیلانے والی دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔

 

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو تاجروں، فاٹا سیکرٹریٹ کے نمائندوں، فوجی اور سول حکام کے مابین ملاقات ہو گی جس سے حقیقی مسائل اور آگے بڑھنےمیں مدد ملے گی۔