وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس

Last Updated On 21 April,2018 06:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیر اعلی پنجاب کے سابق پی ایس او توقیر شاہ کی جینوا میں تعیناتی کا از خود نوٹس لے لیا۔

 چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دوران سماعت وزیر اعلی پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی جینوا میں تعیناتی پر از خود نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو توقیر شاہ کی تقرری کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈاکٹر توقیر شاہ کا مکمل سروس رکارڈ اور آئندہ سماعت پر توقیر شاہ کو بھی طلب کر لیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے مشیر صحت خواجہ سلمان سے استفسار کیا کہ خواجہ سلمان صاحب ڈاکٹر توقیر شاہ کو باہر کیوں بھیجا گیا، آپ کئے چہرے کے رنگ کیوں بدل رہے ہیں۔ مشیر صحت نے موقف اختیار کیا کہ میں اپنی زات کی حد تک ذمہ دار ہوں۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ سنا ہے توقیر شاہ کی شہباز شریف کے لیے بہت خدمات ہیں، توقیر شاہ بیرون ملک کہاں ہیں ؟ چیف سیکرٹری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ توقیر شاہ کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں بھیجا گیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کس کی سفارش پر تقرری کی گئی۔ جینوا کہاں ہے۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ جینوا سویزرلینڈ میں ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ سوئٹزرلینڈ کہاں ہیں۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ بہت خوبصورت ملک ہے۔ چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سے مکالمہ کیا کہ سنا ہے کہ پیسے ویسے رکھنے کے حوالے سے بڑا اچھا ملک ہے۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ جی اسکی شہرت پیسوں کے حوالے سے اچھی ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سوئٹزرلینڈ کیلئے شہرت اچھی ہے ڈاکٹر توقیر شاہ کی نہیں، ضرورت محسوس ہوئی تو وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری امدادللہ بوسال کو بھی بلایا جائے گا۔