موسم گرم آتے ہی سرکاری ملازمین کے احتجاج کا سلسلہ بھی دراز ہو گیا پیپکو ملازمین، محکمہ صحت کے ویکسینیٹرز اور اساتذہ بھی ،میدان میں اتر آئے۔۔۔دیکھتے ہیں لاہور سے زاہد عابد کی رپورٹ
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کی سڑکوں پر ایک بار پھر احتجاجی موجود ہیں جن میں پروفیسرز، لیکچررز کے علاوہ پیپکو ملازمین اور محکمہ صحت کے ویکسینیٹرز اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے کرتے اور دھرنے دیئے بیٹھے ہیں۔
پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے بقایا جات کی ادائیگی، کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنا اور اپ گریڈیشن کے مطالبات کے حق میں کل سے دھرنا دیا ہوا ہے۔
دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین ہیں جو 2 روز سے واپڈا ہاوس کے سامنے سراپا احتجاج ہیں جبکہ محکمہ صحت کے ویکسینیٹرز اپنے مطالبات کے حق میں ڈی جی ہیلتھ کے دفتر کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا اصرار ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔
واپڈا ہاوس کے سامنے صبح کے وقت کام پر جانے والوں کو روکا گیا جس پر دھکم پیل ہوئی اور توتکار کے باعث بدمزگی پیدا ہوئی۔