لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے فلاح پختون موومنٹ نےریلی نکالی، شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے اور وطن کے خلاف بولنے والوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور پریس کلب سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکالی گئی۔ فلاح پختون موومنٹ کی ریلی میں موٹرسائیکل،گاڑیوں اور رکشوں پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی میں شامل پختون "پاک فوج زندہ باد"، "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگا رہے ہیں۔ ریلی میں شامل افراد نے قومی پرچم اور پاک فوج کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کی ایما پر پاکستان کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کے خلاف زہر اگلنے والوں کو گرفتارکر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ریلی پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس پر اختتام پذیر ہوئی۔