فیصل آباد (دنیا نیوز ) فیصل آباد میں بستر پر سگریٹ کی چنگاری گرنے سے گھر میں آگ لگ گئی۔ جس سے گھر میں موجود بوڑھا معذور باپ اور بیٹی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
جڑانوالہ روڈ پر واقع عبداللہ کالونی کا رہائشی 60 سالہ معذور صادق علی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گھر پر موجود تھا کہ رات کے وقت سگریٹ پیتے ہوئے صادق علی کی اچانک آنکھ لگ گئی اور اسی دوران سگریٹ کی چنگاری بستر پر گرنے سے گھر میں آگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی زد میں آکر 60 سالہ معذور صادق علی اور اس کی 20سالہ بیٹی زینب بُری طرح سے جُھلس گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ گھر میں پھنسے باقی افراد کو ریسکیو 1122 نے باحفاظت گھر سے باہر نکال لیا۔ آگ لگنے سے گھر میں پڑا قیمتی سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس نے دونوں لاشیں قبضہ میں لیتے ہوئے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالہ کردیں۔