اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ مملکت رانا افضل نے کہا ہے کہ دھکا سٹارٹ گاڑی کی طرح تین چار ماہ کا میزانیہ پیش نہیں کر سکتے۔ بجٹ میں کوئی نئی میٹرو یا بڑے منصوبے کا اعلان نہیں کرنے جا رہے۔
وزیرِ مملکت برائے خزانہ رانا افضل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک سال کا بجٹ پیش کرے گی، آنے والی حکومت پر پابندی نہیں کہ وہ اس بجٹ پر عمل کرے۔ قانون میں ایسی کوئی قدغن نہیں کہ ہم ایک سال کا یا چار ماہ کا بجٹ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کو پری پول رگنگ کہنا سیاسی بیان ہے، بجٹ میں کوئی نئی میٹرو یا بڑے منصوبے کا اعلان نہیں کرنے جا رہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں چاہیے تھا کہ ہم موج کرتے اور بجٹ کے چکر میں ہی نہ پڑتے لیکن دھکا سٹارٹ گاڑی کی طرح تین چار ماہ کا بجٹ پیش نہیں کر سکتے۔