اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) بجٹ سے قبل مفتاح اسماعیل مشیر سے وفاقی وزیر خزانہ بن گئے، صدر ممنون حسین نے مفتاح اسماعیل سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔
مفتاح اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ آج وفاقی بجٹ پیش کیا جانا ہے اور مفتاح اسماعیل قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کریں گے۔
یاد رہے مفتاح اسماعیل کے پاس مشیر خزانہ کا عہدہ تھا تاہم بجٹ تقریر کیلئے ان سے خصوصی طور پر وفاقی وزیر کا حلف لیا گیا ہے۔ مفتاح اسماعیل نہ تو رکن قومی اسمبلی ہیں اور نہ ہی ارکان کے ووٹوں سے منتخب شدہ سینیٹر ہیں۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بعد رانا افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ بنایا گیا تھا جبکہ ہارون اختر اور مفتاح اسماعیل بھی وزارت خزانہ میں ہی کام کر رہے ہیں۔