اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے لاڈلے نے اُوپرسے حکم لینے کی عادت بنالی ہے، یہ بھی بتا دیں وکٹیں گرا کون رہا ہے ؟ لاہور سے بھاگنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر چکے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام جانتے ہیں "اوپر سے حکم" کا کیا مطلب ہے، ایسی تبدیلی لائے کہ اوپر کے حکم سے تیر پر مہر لگا دی۔ انہوں نے کہا وزیر اعلی کے پی نے صاف گوئی یا بھول میں کہہ دیا تھا کہ اوپر سے حکم آیا ہے، اوپر کا مطلب کبھی بھی بنی گالہ نہیں تھا۔
نواز شریف کا کہنا تھا لاہور کے عوام نے کل تیسری بار عمران خان کو مسترد کیا، وکٹ گرانے کا بہانہ کر کے لاہور سے بھاگ آئے۔ انہوں نے کہا 2013 میں عوام نے عمران خان کو مسترد کیا تھا اور اب 2018 کے نتائج بھی اسی طرح کے ہوں گے۔