اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت ملک کو سنبھال سکتی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کے دباؤ سے باہر نکلنا ہو گا، مینار پاکستان پر سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔
اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قوم سے کہا جا رہا ہے چندہ جمع کر کے قرض ادا کریں گے، ناچ گانے والوں کو بتائیں گےکہ پاکستان کےعوام کا انتخاب کیا ہے، نئے ولولے کیساتھ سفرکا آغاز کر رہے ہیں، مینار پاکستان پرسب سے بڑا جلسہ کریں گے۔
سربراہ جمیعت علمائے اسلام (ف) نے مزید کہا کہ طویل عرصہ تک خارجہ امور سے وابستہ رہا ہوں، ہمیں آئی ایم ایف کے دباؤ سے باہر نکلنا ہو گا، معیشت کے نئے اصول طے کریں گے تب اس مسئلے سے نکلیں گے۔ ایک میٹنگ میں امریکہ کو اپنی شرائط پر لے آیا تھا۔ ہمیں سوچنا ہوگا پاکستان ابھی تک آزاد کیوں نہیں ہوا۔ متحدہ مجلس عمل کی حکومت ملک کوسنبھال سکتی ہے اقتدارپرحق ایم ایم اے کا ہے، محبت کی آواز دینا اورنفرتوں کا خاتمہ چاہتے ہیں، پرانےحکمرانوں کوبھول جائیں،وہ ملکی معاملات نہیں سلجھا سکتے، مینار پاکستان پرسب سے بڑاجلسہ کریں گے، عمران خان 25 ہزار سے زائد لوگ اکھٹے نہ کر سکے۔