شاہ محمود قریشی کی غیر اردای طور پر ”لبيــكَ اللهمَّ لبيّــك“ کہنے پر توبہ

Last Updated On 03 May,2018 10:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے مینارِ پاکستان جلسے میں غیر اردای طور پر ”لبيــكَ اللهمَّ لبيّــك“ کہنے پر توبہ کر لی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر یہ بیان کرتا ہوں کہ 29 اپریل کو اقبال پارک لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے میں میرے الفاظ ”لبيــكَ اللهمَّ لبيّــك“ غیر ارادی طور پر سبقت لسانی کے تحت ادا ہوئے۔ کوئی بھی مسلمان یہ تصور نہیں کر سکتا کہ یہ الفاظ کسی انسان کیلئے استعمال کیے جائیں۔

بعض علمائے کرام کی جانب سے اس سلسلے میں میری توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ میں ان لفاظ کی ادائیگی پر ان سے رجوع کرتے ہوئے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں توبہ استغفار کرتا ہوں۔

 

شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ رب کریم مجھے معاف فرمائے، میں غیر قصداً ادا کیے گئے الفاظ سے جن حضرات کی دل شکنی ہوئی، ان سے معذرت خواہ ہوں۔ میں علمائے کرام سے ازحد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ان لفاظ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے شرعی نقطہ نظر اور جذبہ خیر خواہی کے تحت میری رہنمائی کی۔