لاہور: (روزنامہ دنیا) نواز شریف ،شہباز شریف کی رہائشگاہ سمیت 16 مقامات پر رکاوٹیں ختم کرکے آئی جی پنجاب کی جانب سے جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا گیا جبکہ عدالت نے 5 جون کو فریقین کے وکلا کو بحث کا حکم دیدیا۔ اس کیس کی سماعت گزشتہ روز تھی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مقامی شہری محمد حمید کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے 11فروری کو ایسی تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا تھا، درخواست گزار وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ابھی تک سپریم کورٹ کے حکم کی مکمل تعمیل نہیں کی گئی ۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ایسے تمام نو گو ایریاز کا ریکارڈ طلب کرے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے آئی جی پنجاب کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔
رپورٹ میں بتایا گیا نوازشریف ،شہباز شریف ،جامعہ قادسیہ،طاہر القادری کی رہائشگاہ اور منہاج القرآن سمیت 16مقامات پر تمام رکاوٹیں ختم کرکے سڑکوں کو شہریوں کیلئے کھول دیا گیاہے ۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے بتایاگیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی مکمل تعمیل کردی گئی ہے ۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو 5جون کو بحث کرنے کا حکم دیدیا۔