لاہور: (دنیا نیوز) خواتین کے خلاف نازیبا ریمارکس پر اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں بھی صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیرقانون راناثنا اللہ کے خواتین کے خلاف نازیبا ریمارکس پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان آمنے سامنے آگئے۔ اپوزیشن نے رانا ثنا اللہ سے اپنے جملے واپس لیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میڈیا میں کی گئی بات پر میڈیا میں ہی اپنے الفاظ واپس لے چکا ہوں، جو بات اسمبلی میں ہوئی نہیں اس پر اسمبلی میں معذرت نہیں بنتی۔ اپوزیشن لیڈر محمودالرشید نے کہا کہ میڈیا پر الفاظ واپس لیے اچھی بات مگر اسمبلی میں بھی معذرت کریں، معذرت کرنے سے وزیرقانون کا قد چھوٹا نہیں ہو جائے گا۔
صوبائی وزیر قانون نے اسمبلی میں معافی مانگنے سے انکار کر دیا جس پر حکومتی و اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن نے احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے رانا ثناء اللہ نے کہا لوگوں کے بری ہونے کا موسم ہے، نیب کے کردار پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد لائیں گے۔ انہوں نے کہا آصف زرداری پہلے اینٹ سے اینٹ بجانے نکلے تھے، آج زرداری صاحب نیب کی مہربانیوں کے حقدار ٹھہر رہے ہیں۔