لاہور: (دنیا نیوز) احسن اقبال کا کہنا ہے 1988 سے خلائی مخلوق نے جو نتیجہ نکالنے کی کوشش کی وہ نہیں نکلا، اس وقت خلائی مخلوق کا توڑ پاکستان کی 20 کروڑ عوام ہے، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کرکام کرنا چاہیئے۔
وزیرداخلہ احسن اقبال نے لاہور میں لمز یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، ہم نے دہشت گردی کو شکست دی اور ملک کی معاشی حالت میں بھی بہتری آئی ہے۔ آج کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے بہت بہتر ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عدلیہ کااحترام کرتا ہوں، کوئی ایسی بات نہیں کی جس سےعدلیہ کی توہین ہوئی ہو، لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس دیا ہے، میں جاؤں گا، کسی ایک جماعت کو نشانہ بنانا نہ توجمہوریت کیلئے اچھا ہے نہ ہی ملک کیلئے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دھرنے کے دوران پولیس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پی ٹی وی پر بھی حملہ کیا گیا، عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔