لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں جائیداد کا تنازعہ 2 بھائیوں کی جان لے گیا، چھوٹے بھائی نے فائرنگ کر کے بڑے بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
دہرے قتل کا واقعہ لاہور کے علاقہ مغلپورہ میں پیش آیا، جہاں جائیداد کے جھگڑے پر چھوٹے بھائی نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر آصف اور راشد نامی نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزم راحت موقع سے فرار ہو گیا۔
ایک ہی گھر میں 2 بھائیوں کی ہلاکت نے کہرام برپا کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر کشیدگی چل رہی تھی۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔