ہمیں پاپا، پھپھو اور پپو پارٹی نے للکارا ہے، فاروق ستار

Last Updated On 06 May,2018 01:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ کے دونوں دھڑوں کا ملکر لیاقت آباد کراچی میں پاور شو، فاروق ستار کا جلسے سے خطاب، ایم کیوایم کا ووٹ بینک کبھی تقسیم نہیں ہوگا۔

ایم کیوایم پاکستان کے ٹنکی گراؤنڈ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رہنماء ایم کیو ایم فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کیوں میرے صبر کو بار بار آزماتے ہو، ٹنکی گراؤنڈ میں نوٹنکی کا میلہ سجا کرکہتے ہیں فتح کرلیا۔ دس سال سے بولنگ کرا رہے تھے، اب بیٹنگ کا وقت آیا ہے، سرسوں کا تیل لگا کر بیٹ کا اسٹروک نکالنا ہے۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاپا، پھپھو اور پپو پارٹی نے للکارا ہے، ہاری آج بھی وہ زندگی گزار رہا ہے جو 10 سال پہلے گزار رہا تھا۔ زرداری نے راؤ انوار کو ہیرو کہا تھا، زرداری نے مہاجروں کے بچے مارنے والے کو شاباش دی اور ہیرو قرار دیا تھا۔ ہمارے بچوں کے قاتلوں کی نشاندہی اور مقدمہ چلنا چاہیے۔ لاپتا کارکنوں کو بازیاب ہونا اور تمام دفاتر واپس ملنے چاہیں۔ چھاپے، گرفتاریوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ کوڑے، گولی کھا کر بھی زندہ ہیں۔ فاروق ستار نے اپنی تقریر کے دوران شعر بھی سنایا کہ "وہ مجھے مردہ سمجھ رہا ہے اسے کہومیں مرا نہیں"

کارکنوں کے اصرار پر فاروق ستار نے عامرخان کو ساتھ بلا لیا اور عامرخان کا ہاتھ اٹھا کر کارکنوں کوجواب دیا۔ ایم کیو ایم دیگر رہنماؤں نے بھی جلسے میں پاکستان پیپلزپارٹی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے لیاقت آباد کی گلیوں پرقبضہ کرکے جلسہ کیا، اب کہتے ہیں گلشن اقبال میں جلسہ کریں گے۔