کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں کے زیر اہتمام فیڈرل کیپٹل ایریا کے (لیاقت آباد) کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جلسے کے لیے بڑے پیمانے پر جھنڈے اور بینر لگائے گئے ہیں۔ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ دونوں گروپوں کے کارکن دیگر علاقوں میں بھی متحرک ہیں۔
ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بڑی تعداد رات گئے ٹنکی گراؤنڈ پہنچی لیکن دونوں دھڑوں کی دوریاں ختم نہ ہوئیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار پی آئی بی سے الگ ریلی لے کر جلسہ گاہ آئے۔ سربراہ ایم کیو ایم پی آئی بی کا کہنا تھا پیپلزپارٹی کے بڑے اور چھوٹے رہنماوں کیلئے فلائٹ تیار ہے، وہ بیرون ملک چلے جائیں، ایم کیو ایم کی بیٹنگ شروع ہونے والی ہے۔
ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے مرکزی رہنما عامرخان نے وسیم اختر، امین الحق، اقبال مقدم، عبدالحسیب، فرقان اطیب، محفوظ یارخان، ارم عظیم فاروقی اور علی رضا عابدی کے ساتھ ٹنکی گراؤنڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ ہم نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں، ہم سب ایک ہیں اور ہمارا تحاد ہماری طاقت ہے، ہمارے متحد ہونے سے سیاسی بازی گروں کی نیندیں اڑگئی ہیں۔ دوسری طرف بہادر آباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کارکنوں کے ساتھ الگ جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پریس کانفرنس کے دوران خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا لیاقت آباد والے آج ٹنکی گراونڈ بھر دیں گے۔