'روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے گولی، کفن اور قبرستان دیا'

Last Updated On 01 May,2018 02:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے گولی، کفن اور قبرستان دیا، آپ نے جو نفرت پھیلائی اسکا جواب 5 مئی کو لیاقت آباد میں ہی دینگے۔

ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بد معاشی کا جواب دینے کا وقت آگیا، ہم شہر کا 85 فیصد مینڈیٹ رکھتے ہیں، جلسہ میں بتائیں گے جمہوریت کے نام پر جاگیر دار کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سیاست میں شرافت ایک جزو ہے، پیپلز پارٹی کا نعرہ  کرپشن ہماری معیشت  تھا، آپ لوٹی ہوئی دولت کو طاقت کا سرچمہ کہتے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا آپ کے لیڈرز کے جرائم کی فہرست پوشیدہ نہیں، کون ہیں جو لیاری گینگ وار کے کمانڈروں کے پاؤں کو ہاتھ لگاتے تھے ؟ پہلے لیاری میں جلسہ کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے نفرت کے نعرے نے پاکستان کو دو لخت کیا، ہم نے پاکستان کے لیے اپنے لیڈر کا ساتھ چھوڑا، پیپلزپارٹی کے قبضہ گروپ سے سندھ کے عوام کو نجات ملے گی تب ہی بات بنے گی۔

ایم کیو ایم بہادر کے رہنما نے کہا پیپلزپارٹی نے مئی 1990 میں حیدرآباد میں ماؤں بہنوں پر گولیاں چلائیں، جو کچھ تم نے پکا قلعہ میں کیا، ہم کبھی نہیں بھول سکتے، تم نے لیاقت آباد کی مانگ کئی بار اُجاڑی۔ انہوں نے کہا لسانی بل پیش کرنے والے لسانی سیاست کی بات کرتے ہیں، تم نے مینڈیٹ لے کر دبئی میں جائیدادیں بنائیں، کراچی میں جو بھی ترقی ہوئی، ایم کیم ایم کے اقتدار میں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا آپ سے لوٹ مار کا حساب لینے کا وقت آگیا، دو بار کرپشن کے باعث آپ کی حکومت گئی، تیسری بار وزیراعظم گیا، آپ سے آپ کے اقدامات کا حساب مانگ رہے ہیں۔