حیدرآباد: امتحانات میں نقل روکنے کیلئے موبائل جیمرز کی تنصیب کھٹائی میں

Last Updated On 23 April,2018 12:53 pm

حیدرآباد: (دنیا نیوز) تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیراہتمام گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز کل سے ہو گا۔ پہلی مرتبہ نقل روکنے کے لیے موبائل فون جیمرز استعمال کئے جانے کا معاملہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے سبب کھٹائی میں پڑ گیا۔

کل سے شروع ہونے والے امتحانات کیلئے سندھ کے 10 اضلاع میں 142 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 51 امتحانی مراکز کو حساس قراردیا گیا ہے۔ تعلیمی بورڈ نے ان حساس امتحانی مراکز میں نقل روکنے کے لیے موبائل فون جیمرز لگانے کا پروگرام تشکیل دیا تھا جس کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ تاہم موبائل فون جیمرز لگانے کی صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

تعلیمی بورڈ کی انتظامیہ نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے اجازت نہ ملنے کے سبب حساس امتحانی مراکز میں موبائل فونز جیمرز لگانے کا پروگرام عارضی طور پر روک دیا ہے۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طورپر طلباء کی تعداد 1 لاکھ 12 ہزار8 سو39 ہے، طلباء کو نقل سے روکنے کیلئے 21 ویجلینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہو گی۔