تمام جماعتیں لوڈشیڈنگ کیخلاف دھرنا دیں: وزیراعلیٰ سندھ کی دعوت

Last Updated On 19 April,2018 12:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ ڈاکٹر مراد علی شاہ نے بجلی کے معاملے پر اسلام آباد میں دھرنا دینے کیلئے تمام جماعتوں کو دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا تمام جماعتیں لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنا دیں، تمام پارٹیز چلیں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیتے ہیں، میں ساتھ ہوں۔

وزیراعلی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے لیکن وفاق کو کراچی کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا نوابشاہ میں 16، نوشہرو و فیروز میں 20، سکھر میں 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے جبکہ میرپورخاص، لاڑکانہ میں 16 گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا دیہی اور شہری علاقوں میں سندھ کے لوگوں سے نا انصافی کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنہ دھرنا دینے سے کیا ہوگا، سارے معاملات آپ کے سامنے رکھ دیئے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا ن لیگ کی حکومت سندھ دشمنی میں یہ سب کر رہی ہے، صرف شہر قائد کے لوگوں سے دشمنی ہے، 70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبے پر پہلے سندھ کے لوگوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا قدرتی وسائل پیدا کرنے والے صوبے کے ساتھ یہ حالت کرینگے تو کیا ہوگا، ایس ایس جی سی کو 270 ایم جی ڈی ایف گیس کے الیکٹرک کو دینا ہے، سوئی گیس کمپنی کے الیکٹرک کو 90 ایم ایم جی ڈی ایف گیس دے رہی ہے، 73 فیصد سوئی سدرن گیس کمپنی کو فیڈرل حکومت اون کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کو بلایا اور کوشش کی مسئلہ حل ہوسکے۔