سندھ کے صوبائی وزراء اور ارکان کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکیاں

Last Updated On 30 April,2018 10:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے صوبائی وزراء اور ارکان کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکیوں کا معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا۔ وزراء اور ارکان نے سیکیورٹی فراہم کرنے کی اپیل کر دی۔

صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کالعدم تنظیموں کے نشانے پر، امداد پتافی سمیت اراکین کو تین دن کے اندر بھتہ نا دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو گئیں۔

سندھ حکومت کے صوبائی وزیر امداد پتافی نے ایم کیو ایم رکن اسمبلی کامران اختر، صابر قائم خانی اور امیر حیدر شاہ شیرازی کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کی ایوان میں نشاندہی کی۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی نے سندھ ڈویلپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس ترمیمی بل 2017ء، سندھ لینڈ ٹیکس اینڈ ایگریکلچر اِنکم سیس اور کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2018ء اتفاق رائے سے منظور کر لیا، جس کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔