اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) وفاقی حکومت نے اپنی مدت مکمل ہونے سے قبل بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کر لی، اہم وزارتوں ، ڈویژنوں، صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریوں سمیت اہم عہدوں پر افسروں کی تعیناتی کیلئے فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم آفس کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن افسروں کے تقرروتبادلوں سے متعلق حکمت عملی وضع کر رہا ہے۔ تعیناتیوں کیلئے فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔ آئندہ چند روز میں صوبائی چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔
کوشش کی جا رہی ہے کہ گریڈ 19 اور 20 کے افسروں کی تقرری کیلئے سنٹرل بورڈ کا اجلاس بھی منعقد کیا جائے تا کہ مرضی کے بیورو کریٹس کو اگلے گریڈ میں ترقی دی جا سکے۔ تاہم ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے بنتے ہی موجودہ حکومت کی طرف سے بیورو کریسی میں کئے گئے تقرروتبادلے منسوخ کردئیے جائیں گے اور نگران حکومت اپنی مرضی کے افسروں کو وفاق اور صوبوں میں تعینات کرے گی ۔