اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کو ہر طرف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ملک کے لئے ٹھیک نہیں، 2018 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد نیا نظام ضرور لائینگے۔
پنجاب ہاؤس میں سابق وزیراعظم نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا احسن اقبال پر گولیوں سے وار گھناؤنی سازش ہے، اس ملک میں احتساب صرف سیاست دانوں کا ہوتا ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہاوس میں مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں میں خواجہ آصف، سعد رفیق، پرویز رشید، مشاہد حسین، عرفان صدیقی، جاوید لطیف، زاہد حامد، بیرسٹر طفراللہ شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام رہنماؤں نے احسن اقبال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا۔ پارٹی رہنماؤں پر ہونے والے حملوں اور آئندہ کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں خواجہ آصف کی نااہلی کیس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔