اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطل کر دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں کہ اسحاق ڈار کو ایک دن تو آنا ہی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جب کیس لگتا ہے اسحاق ڈار بیمار ہو جاتے ہیں۔
سماعت کے موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کدھر ہیں؟ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار مہروں اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا چکے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں اسحاق ڈار شدید بیمار جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت مند ہیں۔ ٹی وی میں انہیں ہم صحت مند اور بھاگتا ہوا دیکھتے ہیں لیکن جب کیس لگتا ہے اسحاق ڈار بیمار ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار 8 مئی کو حاضر ہوں، سپریم کورٹ کا حکم
چیف جسٹس نے کہا کہ بتا دیں اسحاق ڈار کب آئیں گے؟ ایک دن تو انہیں آنا ہی ہے۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے آنے تک انھیں سینیٹ الیکشن سے معطل کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے سپریم کورٹ کے طلبی کے نوٹس کے جواب میں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھجوا دیا تھا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کی آزمائشی بنیادوں پر فزیو تھراپی کی جا رہی ہے، مزید چھ سے آٹھ ہفتے میں طبعیت نہ سنبھلی تو آپریشن پر غور کیا جائے گا۔ سابق وزیرِ خزانہ کا ایک ماہ بعد دوبارہ طبی معائنہ ہو گا۔ عدالت میں جمع دو صفحات کی میڈیکل رپورٹ پر 26 اپریل کی تاریخ درج ہے۔