عوامی نمائندے پر غداری کے فتوے منظور نہیں، مریم نواز

Last Updated On 14 May,2018 08:22 pm

بونیر: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ کیا پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا، لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے والا اور بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے والا ملک کا غدار ہو سکتا ہے؟

بونیر میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی تذلیل کے بہانے ڈھونڈے جا رہے ہیں، اب انہوں نے ڈبے سے غداری کا کارڈ نکال لیا ہے، مجھے فتوے لگانے والوں کی حالت پر رحم آتا ہے، عوامی نمائندے پر غداری کے فتوے منظور نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے لوگوں کی محبت بڑھتی جا رہی ہے۔ ہم پاکستان میں ووٹ کو عزت دلا کر رہیں گے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پوری دنیا سے ٹکر لے کر ایٹمی دھماکے کیے، پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو دور کیا، بلوچستان سے محرومیاں دور کیں اور صوبوں کو قریب کیا۔ کیا پاکستان کیلئے ایسی سوچ رکھنے والا ملک کا غدار ہو سکتا ہے؟ تاہم نواز شریف کو کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔