اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ استغاثہ کے آخری گواہ تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے جرح مکمل کر لی۔ اب منگل کو پراسیکیوٹر نیب ایون فیلڈ ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق بیان دیں گے۔ دورانِ سماعت والیم چار میں اضافی صفحات لگانے کا بھی انکشاف ہوا۔
دورانِ سماعت گواہ نے کہا کہ والیم 4 کے انڈکس کے مطابق صفحات کی تعداد 240 تک ہے۔ 241 سے 299 تک صفحات کی نمبرنگ ہاتھ سے کی گئی ہے۔ صفحہ 241 سے 299 تک کے صفحات کا تذکرہ والیم 4 کے انڈکس میں نہیں اور تفتیش میں یہ معلوم نہیں کہ یہ صفحات کب، کیسے اور کس نے والیم 4 میں شامل کیے؟
استغاثہ کے آخری گواہ تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بتایا کہ رابرٹ ریڈلے کی سی وی میں لفظ فونٹ کی شناخت درج نہیں، رابرٹ ریڈلے کے مطابق انہوں نے اپنی پہلی اور دوسری رپورٹ 9 جولائی 2017ء کو جے آئی ٹی کو بھیجی۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ آپ کے علم میں ہے کہ 9 جولائی کو اتوار تھا؟ یہ بہت اہم سوال ہے، ہماری سپریم کورٹ میں بہت کلاس ہوئی تھی کیونکہ اس دن چھٹی تھی۔ عمران ڈوگر نے کہا کہ انہیں نہیں یاد 9 جولائی کو اتوار تھا۔ وکیل امجد پرویز کی جرح مکمل ہونے پر عدالت نے سماعت منگل ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔