امریکا کا بھارت کو سلامتی کا ضامن قرار دینا عجیب ہے: ناصر جنجوعہ

Last Updated On 14 May,2018 07:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ امریکا کا بھارت کو سلامتی کا ضامن قرار دینا عجیب ہے، آج کی دنیا ایشیا کی ہے۔ پاکستان 86 فیصد دنیا کو آپس میں منسلک کرے گا۔

اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ خطہ انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، پاکستان پر دہشتگردی پھیلانے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ آج چین ابھر رہا ہے، روس پھر سے مضبوط اور مسلم اُمہ اب ترقی کی راہ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور روس کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خطہ بڑی قوتوں کے مابین رسہ کشی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ امریکا کا بھارت کو سلامتی کا ضامن قرار دینا عجیب ہے۔ افغانستان میں عدم استحکام کی بڑی وجہ داعش کا ڈیرہ ہے۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیا کا مرکز خلیج، مشرق وسطی، افریقہ اور یورپ کا سنگم ہے۔ پاکستان، افغانستان اور ایران تجاری اور صنعتی ترقی کا مرکز اور ایشیا کا مستقبل ہیں۔