لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کیخلاف سخت اقدام سے پہلے رائے عامہ ہموار کی جا رہی ہے۔ رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے نواز شریف کو اچھی پوزیشن میں رکھا ہوا ہے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش اور خطے کی ہیئت کو تبدیل کرنے کی سیاست ہو رہی ہے۔ اس سیاست میں ٹرمپ، برطانیہ، چین، مودی اور نواز شریف ہیں۔ پاکستان کیخلاف سخت اقدام سے پہلے رائے عامہ ہموار کی جا رہی ہے اور اس کیلئے نواز شریف کو اچھی پوزیشن میں رکھا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جس خلائی طاقت کی بات کرتے ہیں وہ پاکستان میں نہیں ہے۔ باہر کی خلائی طاقت کی پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر نظر ہے۔ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کو ڈھیر کر دیا گیا۔ ایران کے خلاف سخت اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ٹرمپ نے 5 بڑے ممالک کے دستخط کے باوجود ایران سے معاہدہ ختم کر دیا
اعتزا احسن نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اور انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی کے آنے کے بعد خطے کے بارے میں فیصلے ہونے ہیں۔ امریکا جنوبی ایشیا کے معاملات میں برطانیہ کے بغیر نہیں چلتا۔