لاہور: (دنیا نیوز) پیکج ٹو پر بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین آزمائشی طور پر ٹریک پر آ گئی۔ پہلے مرحلے میں پیکج ٹو کے 8 کلومیٹر طویل ٹریک پر ٹرین چلائی گئی۔ آزمائشی سفر کے دوران علی ٹاؤن سے صلاح الدین روڈ تک ۹ ریلوے سٹیشن کی چیکنگ کی گئی۔
اس حوالے سے تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ 16 مئی کو پہلی آزمائشی سروس چلائی، آج 26 سٹیشنز میں سے 20 سٹیشنز کو فعال کر دیا، اب صرف چوبرجی کے قریب چند سٹیشن رہ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض نادان دوستوں نے اس منصوبے کی تعمیر میں تاخیری حربے استعمال کئے جس سے منصوبے میں 22 ماہ تاخیر ہوئی۔ اگر وقت ضائع نہ کیا جاتا تو لوگ آج منصوبے سے مستفید ہو رہے ہوتے۔
خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی مخالفین نے میٹرو بس کو جنگلہ بس کہا لیکن جب غلطی کا احساس ہوا کہ لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہیں تو پشاور میں میٹرو بس کا اعادہ کیا گیا لیکن اس وقت پشاور کھدا ہوا ہے اور پشاور میٹرو بس کہیں نظر نہیں آتی۔