اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) اصغر خان کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تحقیقاتی ٹیم نے اصغرخان کیس میں نواز شریف سمیت تمام افراد کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے آج سابق سیکرٹری دفاع روئیداد خان کو طلب کر لیا۔ روئیداد خان کو تمام متعلقہ ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق ہیں۔ ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت وہ تمام لوگ جو کسی نہ کسی طرح اس کیس سے منسلک رہے کو طلب کیا جائے گا۔ سابق سیکرٹری دفاع روئیداد خان کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں طلب کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ازسرنو تحقیقات میں ایف آئی اے کی ٹیم نے سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت 15 سے زائد شخصیات کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج روئیداد خان ایف آئی اے ٹیم کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرائیں گے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے سابق آرمی چیف اور سابق آئی ایس آئی چیف اسد درانی اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے نواز شریف سمیت دیگر شخصیات بھی بیان ریکارڈ کروائیں گی۔