نیازی صاحب نے خیبر پختونخوا کا حلیہ بگاڑ دیا: شہباز شریف

Last Updated On 25 May,2018 12:16 pm

نارووال: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے نیازی صاحب نے خیبر پختونخوا کا حلیہ بگاڑ دیا، 5 سال میں کے پی میں کوئی نیا اسپتال اور یونیورسٹی نہیں بنی، سندھ کا بھی بیڑہ غرق ہوگیا۔

نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پشاور میں میٹرو بس پتا نہیں کب بنے گی، آپ نے عوام کی بس کروا دی ہے، زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا اور اربوں کھربوں کی کرپشن کی۔ انہوں نے کہا ہر سال پنجاب میں صحت عامہ میں اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں، مخالفین کس منہ سے بات کرتے ہیں، پنجاب میں گیس سے 5 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی جو پورے پاکستان میں جا رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا لاکھوں لوگوں نے اشرافیہ کے پاکستان کے لیے قربانیاں نہیں دی تھیں، آج پنجاب میں غریبوں کو علاج کی معیاری سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا سی ٹی اسکین 24 گھنٹے چلے گا، مفت سی ٹی اسکین ہو گا جس کی رپورٹ لاہور سے جاری کی جائے گی، ماضی میں سی ٹی اسکین مشینیں پہلے دن 2 بجے ہی بند ہو جاتی تھیں۔