سندھ میں نیا صوبہ نہیں بننے دیں گے: شرجیل میمن

Last Updated On 26 May,2018 02:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ملزمان کیخلاف اہم گواہ کی عدم حاضری کے باعث احتساب عدالت نے 31 مئی تک ملتوی کر دی۔ سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں نیا صوبہ نہیں بننے دیں گے۔

احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کیخلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق صوبائی وزیر محکمہ اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شرجیل میمن سے استفسار کیا کہ جیل میں آپ کے پاس کیا سہولیات ہیں، شرجیل میمن نے کہا کہ جیل میں ایئر کولر کے لئے حکومت سے بات کی ہے سندھ بھر کی جیلوں میں ایئر کولر تقسیم کیئے جائیں گے۔ عدالت نے کہا یہ تو اچھی بات ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی۔

اس موقع پرمیڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں نیا صوبہ نہیں بننے دیں گے سندھ کے لوگ اپنی جانیں نچھاورکرنے کے لیے تیارہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آٗئی کے نعیم الحق نے ہاتھ اٹھایا اور عمران خان نے شاباشی دی یہ افسوس ناک بات ہے۔ شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ اگر انتخابات صاف شفاف ہوئے تو پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی۔