اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکہ کے لیے نامزد پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی آج رات امریکہ راونہ ہوں گے۔ 28 مئی کو امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
امریکہ کے لیے نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی امریکہ راونگی کے لیے تیار، آج رات روانگی کا امکان ہے۔ 28 مئی کو واشنگٹن میں عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی اپنے نئے سفارتی پاسپورٹ پر سفر کریں گے۔ ان کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری 29 مئی کو وطن واپس پہنچیں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 8 مارچ 2018 کو ان کی نامزدگی کی منظوری دی تھی۔ علی جہانگیر صدیقی وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی جہانگیر صدیقی کے بیٹے ہیں۔ علی جہانگیر صدیقی نجی ایئرلائن ایئربلیو کے ڈائریکٹر بھی رہے۔ علی جہانگیر صدیقی کی پاناما لیکس میں آف شور کمپنی بھی سامنے آئی ہے۔ واضح رہے کہ سابق سفیروں کی ایسوسی ایشن نے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔