لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نگران وزیرِاعلی کی تقرری پر مشاورت کے لئے شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کی کل دوبارہ ملاقات ہو گی۔
پنجاب میں نگران وزیرِاعلی کی تقرری کے لئے وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے درمیان جمعہ کے روز پہلی ملاقات ہو چکی ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے دو دو نام تجویز کیے تاہم قیادت سے مشاورت کے لئے دونوں فریقین نے ایک دوسرے سے وقت مانگ لیا تھا، اب پیر کو دوبارہ وزیرِاعلی اوراپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہو گی۔
اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید آج پارٹی چیئرمین عمران خان سے حتمی مشاورت کریں گے جبکہ وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف بھی اس ضمن میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کر کے پیر کو ہونے والی ملاقات میں حتمی فیصلے سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پہلی مشاورت میں کامران رسول، ناصر کھوسہ، جسٹس ریٹائرڈ سائر علی اور طارق سلیم ڈوگر کے نام زیرِ بحث ہیں تاہم یہ نام حتمی نام نہیں، دوسری ملاقات میں قیادت سے حاصل ہونے والی رہنمائی کو سامنے رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ ہو گا۔