اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے کہ صرف ایک بندے کے خلاف انکوائری سے کچھ نہیں ہوگا، مشاورت کیساتھ قومی تحقیقاتی کمیشن بننا چاہیے جس میں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ، سول سوسائٹی اور پارلیمنٹ سب کی نمائندگی ہو۔
سابق وزیراعظم نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم ناصرالملک ایک بے مثال شخصیت کے حامل ہیں، بطور جج اور چیف جسٹس انکی خدمات سرفہرست ہیں، ناصرالملک قابل احترام شخصیت ہیں، انکی نامزدگی کو سراہنا چاہیئے، سیاستدانوں کو تنگ نظر نہیں ہونا چاہیئے۔ دھرنے کے کرداروں سے متعلق صحافی کے سوال پر ان کا کہنا تھا بتا تو چکا ہوں اور کتنی بار بتاؤں۔
نواز شریف کا کہنا تھا پرویز مشرف، اسد درانی اور شاہد عزیز کی کتابیں دیکھ لیں، ضرروت اس امرکی ہے اب اسکی تہہ تک پہنچا جائے۔ انہوں نے کہا نیشنل انکوائری کمیشن بننا چاہیئے، ہم نے قوم کو ڈبونا نہیں، مستقبل میں اپنا بچاؤ بھی کرنا ہے۔