اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز کا کہنا ہے جے آئی ٹی نے مجھے کیس میں شامل کر لیا، میرے خلاف مقدمات بنائے گئے اور سوال جواب ہوئے، اس کا تعلق اس مائنڈ سیٹ سے ہے جو کہتا ہے کہ آپ کو سبق سکھائیں گے، نواز شریف کو سبق سکھانے کیلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا۔
مریم نواز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ 3 روز میرا بیان احتساب عدالت میں ریکارڈ ہوا، احتساب عدالت میں 127 سوالوں کے جواب دیئے۔ انہوں نے کہا پاناما کا پہلا فیصلہ آیا تو سب چیزیں تفصیل سے سامنے لائی گئیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں میرا کہیں ذکر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا مجھے واٹس ایپ کال والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑا، میرا قصور صرف یہ ہے کہ نواز شریف کی بیٹی ہوں اور والد کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہوں۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا جانتی ہوں مجھ پر ریفرنسز کیوں قائم کیے گئے، معلوم ہے 70 سے زائد پیشیاں کیوں بھگت چکی ہوں، معلوم ہے کینسر کے مرض میں مبتلا ماں سے مجھے کیوں دور رہنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف ہر جبر کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونے والے انسان ہیں، انہوں نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے۔