اٹک: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے آج ” مجھے کیوں نکالا“ کا جواب دے دیا، ان کیخلاف ایک پائی کی کرپشن اور منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی۔
مریم نواز کا اٹک میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ آپ ووٹ دیتے ہیں کچھ لوگ سازش کر کے نکال دیتے ہیں۔ نواز شریف نے آج بتا دیا ”کیوں نکالا“ اور ”کس نے نکالا“۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پاناما میں نام نہیں اور 70 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں، جن کا پاناما میں نام آیا ان کو کسی نے عدالت میں نہیں بلایا۔ دوسری جانب نواز شریف کیخلاف کرپشن کی ایک پائی اور منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی لیکن سابق وزیرِاعظم کو بیٹے سے تںخواہ نہ لینے کے جرم میں عہدے سے نکالنے کے بعد پارٹی کی صدارت سے بھی ہٹا دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج میں اٹھارہ سال بعد اٹک آئی ہوں۔ اٹک قلعے میں مشرف نے نواز شریف کو قید کیا ہوا تھا جہاں اٹک قلعے میں ہمیں ان سے ملاقات کیلئے دو، دو گھنٹے انتظار کرایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اٹھارہ سال پہلے عوام سے محبت کرنے کی سزا بھگت رہا تھا لیکن تب بھی ووٹ کی پرچی کو پاؤں تلے روندنے نہیں دیا۔ انھیں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔