لاہور: (دنیا نیوز) قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مستقبل میں ملکی باگ دوڑ سنبھالنے کے خواب دیکھنے والے پنجاب کے نگران وزیرِاعلیٰ کا فیصلہ نہ کر سکے۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے نگران وزیرِاعلی کا نام واپس لینے پر تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلا دیئے۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ملکی باگ دوڑ سنبھالنے کے خواب دیکھنے والے پنجاب کے نگران وزیرِاعلیٰ کا فیصلہ نہ کر سکے، ان کی سنجیدگی قوم کے سامنے ہے، تحریکِ انصاف نے یوٹرن لے لیا ہے۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب پر یوٹرن لینے پر پیپلز پارٹی نے کھل کر تنقید کی ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کا کہنا ہے کہ نام واپس لینا یوٹرن نہیں تو اور کیا ہے؟ اتفاقِ رائے کے بعد نام واپس لینے والے بتائیں کیا غیر سنجیدہ فیصلوں سے ملک چلتے ہیں۔ نیا پاکستان بنانے کا خواب دیکھنے والوں سے ایک فیصلہ نہیں ہو پا رہا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم، وزیرِاعلی اور وزرا بجلی کی پیدوار کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مشکل وقت میں کم بیک کرتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کا پارٹی کے ٹکٹ کے لیے، درخواستیں جمع کرانا اس کا واضح ثبوت ہے۔