ڈاکٹر عاصم حسین کا الیکشن میں حصہ نہ لینے کا بڑا اعلان

Last Updated On 01 June,2018 09:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق مشیر پیٹرولیم اور جیالے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین الیکشن میں حصہ نہیں لینگے۔ انھوں نے احتساب عدالت میں بڑا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی جو گواہ کی عدم حاضری کے باعث 9 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

اس ملک میں الیکشن لڑنا ہی نہیں چاہیے، ڈاکٹر عاصم حسین انتخابی سیاست سے مایوس ہو گئے۔ احتساب عدالت میں 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی  سماعت کیلئے آئے تو کہنے لگے الیکشن کے بعد 19 ماہ کی وزارت، دو سال کی جیل اور زندگی بھر کی ذلت ہے۔ انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا بڑا اعلان بھی کر دیا۔

ڈاکٹر عاصم کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہوتے دیکھ رہا ہوں، نواز شریف کو کچھ نہیں ہوگا ان کے کیس میں سمجھوتہ ہو جائے گا۔ دوسری جانب ایک بار پھر ڈاکٹر عاصم نے 12 جون سے 10 جولائی تک بیرون ملک جانے کی درخواست دائر کردی، عدالت نے نیب سے درخواست پر جواب طلب کر لیا۔